3 جنوری 2017 - 17:17
مسئلہ کشمیر کا حل ہند و پاک کے درمیان دوستی میں ہی مضمر ہے: فاروق عبد اللہ

جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مقبوضہ کشمیر کی زیارت حضرت پیر پیران محبوب سبحانی شیخ سید عبدالقادر جیلانی خانیار شریف میں وہاں عقیدت مندوں کیساتھ تبادلہ خیال کیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مقبوضہ کشمیر کی زیارت حضرت پیر پیران محبوب سبحانی شیخ سید عبدالقادر جیلانی خانیار شریف میں وہاں عقیدت مندوں کیساتھ تبادلہ خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیاء برصغیر اور خطہ کشمیر میں مکمل امن و امان کی ضمانت مسئلہ کشمیر کے حل میں ہی مضمر ہے اور اس مسئلے کا حل کا راز ہندوستان و پاکستان کی پائیدار دوستی اور خوشگوار تعلقات میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اور اس کی پُرخلوص قیادت گذشتہ پچہتر برسوں سے بھارت و پاکستان کی دوستی کیلئے کوشاں رہی ہے، مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کیلئے ہمیشہ جدوجہد کرتی آئی ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ہندوستان کی موجودہ قیادت سے تاکید کی کہ وہ لچکدار رویہ اور نرم پالیسی اختیار کرکے ہٹ دھرمی و سخت گیر پالیسی سے گریز کریں، پاکستان کے ساتھ امن بات چیت شروع کریں کیونکہ دوستی میں ہی دونوں ممالک کی آزادی، سالمیت و خوشحالی کا راز مضمر ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس قدر مسئلہ کشمیر کے حل کو طول دیا جائے گا اتنا ہی دونوں ممالک کے لئے نقصان دہ ثابت ہوگا۔ ریاست جموں و کشمیر کی عوام خصوصاً اہل کشمیر، خطہ چناب و پیر پنچال کے عوام کو گذشتہ پانچ ماہ کے دوران دردناک دور سے گذرنا پڑا، جو مخلوط حکومت کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانانِ عالم اس وقت پریشان کن دور سے گذر رہے ہیں۔ شام، مصر، ترقی، افغانستان، عراق، لبنان، لیبیا اور فلسطین میں قتل و غارتگری جاری ہے، جس سے مسلمانانِ عالم مایوس و پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں یہ اسلامی ممالک اسلامی تہذیبی، تمدن اور علمی فنوں سے مالا مال تھے۔ میلوں پر یہاں اسلامی یونیورسٹیاں اور دانشگاہیں تھیں۔ انہوں نے مسلمانانِ عالم سے اپیل کی کہ وہ نا اتفاقی کا راستہ ترک کرکے متحد ہو کر مسلم دشمن سازشوں کے خلاف آواز بلند کریں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲